اولمرٹ اور زیپی لیوینی کو جنگی جرائم کے تحت گرفتار کیا جا سکتا ہے: گارڈین المرکز الفلسطینی للاعلام معروف برطانوی انگریزی روزنامہ'' دی گارڈین'' نے اپنی ایک حالیہ رپورٹ میں کہا ہے کہ سابق اسرائیلی وزیر اعظم ایہود اولمرٹ اور وزیرخارجہ زیپی لیونی سمیت گذشتہ حکومت کے دیگر عہدیداروں کو غزہ میں جنگی جرائم کے ارتکاب کے باعث برطانیہ آمد پر گرفتار کیا جا سکتا ہے۔ یہ رپورٹ اخبار کے مشرق وسطیٰ کے امور کے ایڈیٹر ایان بلاک نے قانونی ماہرین کے تعاون سے تیار کی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ ایہود اولمرٹ اور ان کی حکومت میں شامل کسی بھی سابقہ عہدیدار کو برطانیہ آمد پر غزہ میں جنگی جرائم کی وجہ سے گرفتار کیا جاسکتا ہے کیونکہ ان کی گرفتاری میں کوئی امر مانع نہیں۔ رپورٹ کے مطابق ایہود اولمرٹ کے دور میں گذشتہ برس دسمبر میں کیے گئے حملے میں جنگی جرائم پر بدترین ارتکاب کرتے ہوئے جنگ سے متعلق جنیوا قوانین کی سنگین خلاف ورزی کی گئی۔ رپورٹ کے مطابق برطانیہ کے ایک معروف قانون دان ڈینئل ماکوفر نے رپورٹ میں اپنی رائے ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ عالمی عدالت انصاف میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے مرتکب افراد کے خلاف دنیا میں کہیں بھی کارروائی کی جاسکتی ہے، اس سلسلے میں صرف ایہود اولمرٹ کو گرفتاری کاسامنا نہیں کرنا پڑسکتا بلکہ ان کی حکومت میں شامل تمام وزرا قانون کی گرفت میں آسکتے ہیں۔
|