اخبار و افکار ڈاٹ کام
www.akhbaroafkar.com
ایک تعارف
ہندوستان کی ریاست کرناٹک کے مغربی ساحل پر واقع قصبہ بھٹکل اپنی مخصوص شناخت رکھتا ہے، 1968 تک اس کی بندرگاہ پرکراچی سے کوچین تک جانے والے مسافر جہاز لنگر انداز ہوتے تھے اوربڑے بادبانی جہاز بھی ستر کی دہائی کے آخر تک رواں دواں تھے ،یہ بندرگاہ چودھویں اور پندرھویں صدی میں سلطنت وجے نگر کے دور میں مغربی ساحل ہند کی سب سے اہم اور شاداب تجارتی بندرگاہ شمار ہوتی تھی ، اور تنگنائے مالقہ ملیزیا ، برما وتھائِی لینڈ سے ، جدہ سعودی عرب ، بصرہ عراق اور وہاں سے وینس اور جنوہ اٹلی تک ہونے والی عالمی بحری تجارت کا اہم مرکز تھی، اس وقت بحری تجارت اور جہازرانی پر عربوں کی حکمرانی تھی ، قبیلہ نوائط انہی عرب جہازرانوں کی نسل سے تعلق رکھتا ہے، اور بھٹکل اس قبیلے کا اہم ترین مرکزرہنے کی وجہ سےاپنی ایک مخصوص تہذیبی شناخت کا حامل رہا ہے۔ اس برادری کی زبان نائطی کہلاتی ہے ، ویسے اس علاقے کی ریاستی زبان کنڑی اور یہ بتانے کی ضرورت نہیں مرکز کی سرکاری زبان انگریزی اور ہندی ہے۔
1502ء میں بحری قزاق واسکوڈی گاما نے بھٹکل کے سامنے واقع کائل پٹن میں مدفون مشہور بزرگ طبل عالم نطہر ولی رحمۃ اللہ کی چلہ کشی کی طرف منسوب نطہرا پہاڑی یا جزیرہ نتھرانی Pigeon Island پرصلیب نصب کرکے اس پر شہنشاہ پرتگال عمانویل کا زرہ اور ہیٹ لٹکا کر اعلان کیا تھا کہ دنیا کی بندرگاہیں اب صلیبی سلطنت پرتگال کے ماتحت ہوگئیں۔ اور 1515ء میں گوا پر پرتگالی قبضہ کے بعد پرتگالی گورنر الفانسو دلبوقرق نے شہنشاہ عمانویل کے حکم نامے کے تحت بھٹکل کی بندرگاہ پر اترنے والے جہازرانوں کو قابل گردن زدنی قرار دے کے اس بندرگاہ کو توڑ دیا تھا اور یہاں پر بحری آمد و رفت سفر حج وغیرہ پر پابندی عائد کردی تھی ۔
بھٹکلیس ڈاٹ کام
www.bhatkallys.com
جنوری 2003ء میں انٹرنٹ سائٹ بھٹکلیس ڈاٹ کام کا جناب محمد محسن شابندری نے جب اجراء کیا تھا تو ان کے سامنے مسلمانان بھٹکل اور نوائط برادری کے افراد کو اس کے ذریعہ سے تعلیمی اور معاشی میدانوں میں رہنمائی اور کیریر گائڈنس دینا تھا ، سائٹ کا نام بھی اسی مناسبت سے رکھا گیا تھا۔
2004ء میں جب مولوی عبد المتین منیری کے تیس سال کی محنت سے جمع کردہ گذشتہ نصف صدی پرمحیظ نادر آڈیولائبریری کی اشاعت کا سلسلہ اردو آڈیو ڈاٹ کام www.urduaduio.com کے عنوان سے جب شروع کیا گیا تو اس سائٹ نے عالمی شہرت اور مقبولیت حاصل کی ، تو بھٹکلیس کی انتظامیہ نے اسے عالمی معیار کے فنی خوبیوں سے بھرپور اردو سائٹ بنانے کا فیصلہ کیا ، اور اسے دوسرے اردو سائٹوں کی طرح جیف فوٹو کے بجائے اردو ٹاٹا بیس پرتبدیل کیا گیا تاکہ انٹرنٹ کی جملہ فنی خوبیوں سے استفادہ کیا جاسکے اور گوگل یاہو جیسے عالمی سرچ انجنوں پر اسکے مشمولات تلاش میں آسکیں ، اس طرح یہ سائٹ اپنے انڈکس کی خوبیوں کی وجہ سے اردو کی اولین سائٹوں میں شامل ہوگئی ۔ بفضل خدا ابتدا ہی سے اس بات کی کوشش کی گئی کہ اس سائٹ کو جامد رکھنے کے بجائے انٹرنٹ کے میدانوں میں ہونے والی روز بہ روز ترقی اور تبدیلی کا ساتھ دیا جائے اور نئے مواد کی اشاعت اور پابندی سے اپڈیٹ کا خصوصی اہتمام کیا جائے۔ اس راہ میں مشکلات اور مصروفیات کے باوجود ادارے کو کتنی کامیابی ہوئی ہے اس کا اندازہ آپ بخوبی لگا سکتے ہیں ۔ فنی لحاظ سے اسے خوب سے خوب تر رکھنے اور زمانے کی ترقی کا ساتھ دینے کے تعلق سے ہمیں اردو سے نابلد اور جنوبی ٹامل ناڈو کے باشندے جناب پیرمحمد کا ابتدا سے بھرپور تعاون ملا ہے۔
مولوی محمد ثاقب قاسمجی کے زیر ادارت نائطی آن لائن[[naityonline اور جناب آفتاب حسین کولا کے زیر ادارت بھٹکل ٹوڈے [bhatkaltoday] اور جناب معاذ شابندری کے زیر ادارت بھٹکل ٹی وی [bhatkaltv] کے دوسرے سلسلے بھٹکلیس ڈاٹ کام ہی کے حصے ہیں۔
اخباروافکارڈاٹ کام
www.akhbaroafkar.com
پانچ سال کے اس سفر کے بعد بھٹکیس ڈاٹ کام اب اپنے ناظرین کی خدمت میں اخباروافکارڈاٹ کام کے عنوان سے ایک نیا تحفہ پیش کررہی ہے۔ انٹرنٹ کی دنیا پر لاتعداد سائٹوں کی موجودگی میں اس نئے سائٹ کے اجراء میں ہمارے مندرجہ ذیل اہداف و مقاصد ہیں۔
- دنیا بھر میں بسنے والے مسلمان اسلام کی نشآۃ ثانیہ کے لئے جو محنت کررہے ہیں انہیں اجاگر کیا جائے، مسلمانوں سے وابستہ صرف تشدد اور مایوسی کی خبروں کو اہمیت نہ دی جائے۔ اس کے لئے دوسری زبانوں کی خبروں اور تبصروں کے اردو ترجمے کا اہتمام کیا جائے۔
- اس بات کی کوشش کی جائے کہ چربہ اور کٹ پیسٹ مواد کے بجائے برصغیر میں چھپنے والے ایسے معیاری مجلات اور مضامین جو اپنی وسیع افادیت کے باوجود محدود حلقوں تک پہنچ پاتے ہیں اور ڈاک کی گرانی کی وجہ سے وہ ملکی سرحدوں کو پار نہیں کرپاتے ان سے سمندر پار کی اردو دنیا کو متعارف کیا جائے۔ اس سلسلے میں سہ روزہ دعوت دہلی کے ادارئے خبرونظر کی پابندی سے اشاعت اہم پیش رفت ہے۔
- نئی معیاری کتابوں پر معیاری تبصرے زیادہ تر انٹرنٹ پر دستیاب نہیں ہیں، یہ عموما محدود پیمانے پر شائع ہونے والے مجلات کی حد تک رہتے ہیں ، لہذا معیاری تبصروں کی اشاعت کا اہتمام کیا جائے۔
- ایسی کتابیں جو محققین مصنفین صحافیوں وغیرہ کے لئے ریفرنس کی حیثیت رکھتی ہیں اور عام طور پر قاری کی دست رس سے باہر ہیںانہیں ڈیجیٹل فورمیٹ پر لاکر ان کی افادیت عام کی جائے ، اس سلسلے میں اردو دائرہ معارف اسلامیہ [25] ،اردو لغت کبیر [20] قاموس مترادفات ، اردو مشاہیر ، وفیات پاکستان اور عربی اردو ، فارسی اردو لغات کی ازسر نو کتابت اور الکٹرونک فورمیٹ پر اس کی تیاری ہمارے پروگرام میں شامل ہے ۔ لیکن یہ ایک بہت بڑا پروجکٹ ہے جس کے وسائل فی الحال ہمارے پاس نہیں ہیں۔
- گذشتہ صدی کے نمائندہ اہل قلم کی زندہ تحریروں کی اشاعت اور اپنے دور میں نمایاں کردار ادا کرنے والی نادر کتابوں کی الکٹرونک فورمیٹ میں اشاعت اس سلسلے میں گذشتہ صدی کے عظیم صحافی اور صاحب طرز ادیب مولانا عبد الماجد دریابادی مدیر سچ و صدق لکھنو کے کالموں کی اشاعت ، اس سلسلے میں سیرت النبی صلی اللہ علیہ وسلم پر آپ کا شاہکار ''مردوں کی مسیحائی '' کی اشاعت گوشہ ماجدی میں ہوچکی ہے۔
- سائٹ کو محدود جماعتی گروہی عصبیتوں سے دور رکھا جائے اور اسے خالص مذہبی اور دینی رنگ دینے کے بجائے معیار کو ترجیح دی جائے۔
- بھٹکل اور اہل نوائط کی تہذیب وکلچر اور مختلف میدانوں میں خدمات انجام دینے والے اداروں کا تعارف و تذکرہ۔
ہمِیں اپنے قارئین کی آراء اور تاثرات کا انتظار رہے گا۔
مینجنگ ڈائرکٹر ایڈیٹر
محمد محسن شابندری عبد المتین منیری
معاون قلم کار : محمد مظفر سلطان لونگی ، محمد ثاقب قاسمجی ندوی ،
محمد جعفر فقیہ ندوی ، ڈاکٹر اطہر عبد الحمید ندوی ،
محمد ضیاء الحق ایڈیٹر راجستھان کرانیکل ،
ٹیکنیکی تعاون : پیر محمد ، معاذ شابندری
بھٹکل آفس : ڈاکٹر سید آفاق لنکا ، رضا مانوی |